ایرانی پارلیمنٹ کا ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے ساتھ تعاون معطل کرنے پرغور

ایران جوہری ہتھیاروں کے لیے کوشاں نہیں ہے،ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقرقالیباف

منگل 24 جون 2025 14:48

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)ایران میں سرکاری میڈیا نے پارلیمنٹ میں صدارتی کمیٹی کے رکن روح اللہ متفکر آزاد کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایرانی پارلیمنٹ ایک ایسے مجوزہ قانون پر غور کر رہا ہے جس کے تحت ایران، بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای ای) کے ساتھ اپنے تعاون کو معطل کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہاکہ ہم پارلیمان میں ایک ایسے قانون کی منظوری کے لیے کوشاں ہیں جس کے ذریعے ایران اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے درمیان تعاون اس وقت تک معطل رہے جب تک ہمیں اس عالمی ادارے کی جانب سے پیشہ ورانہ رویے کی عملی ضمانت نہ مل جائے۔

قالیباف نے مزید کہا کہ تہران کا مقصد جوہری ہتھیار بنانا نہیں ہے۔ ان کے بقول دنیا نے واضح طور پر دیکھا کہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی نے اپنی کسی ذمہ داری کو پورا نہیں کیا، بلکہ یہ ادارہ ایک سیاسی آلہ بن چکا ہے۔