ایکوپیک کا 2.03میگاواٹ کا شمسی توانائی پلانٹ لگانے کا فیصلہ

منگل 24 جون 2025 14:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) شفاف توانائی کے فروغ کےلئے ایکو پیک لمیٹڈ 2.03میگاواٹ شمسی توانائی پلانٹ لگائے گی۔

(جاری ہے)

مختلف مشروبات کی پیکنگ میں استعمال ہونے والی پلاسٹک بوتلیں بنانے والی کمپنی ایکو پیک لمیٹڈ کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں آگاہ کیا گیا ہے کہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے فیکٹری میں 2.03میگاواٹ شمسی توانائی کا پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے اور بی او ڈی کی جانب سے اس منصوبہ کےلئے 3.63ایکڑ زمین کی خریداری کے ساتھ ساتھ سولر پاور پلانٹ کی تنصیب کی بھی منظوری دی ہے۔

ایکو پیک نے کہا ہے کہ کمپنی شفاف اور متبادل توانائی سمیت اخراجات میں کمی کےلئے پرعزم ہے ۔واضح رہے کہ اکنامک سروے25-2024کے مطابق ملک میں 31 مارچ تک نیٹ میٹرنگ کی استعدا د 2813میگاواٹ تک بڑھ چکی ہے جو صنعتی اور رہائشی علاقوں میں شمسی توانائی سے استفادے کی عکاسی کرتی ہے۔