ماہرین زراعت کی کاشتکاروں کو زیادہ بارش والے علاقوں میں ماش کا بیج 8کلوفی ایکڑ استعمال کرنے کی سفارش

جمعرات 26 جون 2025 17:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو زیادہ بارش والے علاقوں میں ماش کا بیج 8کلوفی ایکڑ استعمال کرنے کی سفارشات جاری کی ہیں۔ ماش کے کاشتکاروں کو فصل کی کاشت فوری طور پر شروع کرکے وسط جولائی تک مکمل کرنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ جولائی کا پہلا ہفتہ کاشت کیلئے موزوں قرار دیاگیاہے۔ماہرین زراعت توسیع نے کاشتکاروں کو آگاہ کیاکہ ماش کی کاشت کیلئے ایک سے دو مرتبہ ہل چلا کر زمین کو سہاگہ دینا چاہیے اور اگر کھیت میں مڈھ وغیرہ موجود ہوں تو ڈسک بلو یا روٹاویٹر چلا کرسہاگہ دیا جاسکتاہے۔

انہوں نے بتایاکہ زیادہ بارش والے علاقوں میں 8کلوگرام اور دیگر علاقوں میں 10کلوگرام فی ایکڑ استعمال کرکے شاندار فصل حاصل کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکار ڈرل کے ذریعے ماش کی کاشت کی صورت میں ایک فٹ کے فاصلے پر قطاریں بنائیں اور اس میں ماش کو کاشت کیاجائے۔ اگر ڈرل دستیاب نہ ہو تو اس صورت میں پور باندھ کر یا کیرا کے ذریعے بھی ماش کی کاشت کی جاسکتی ہے،زیادہ بارش والے علاقوں میں کھیلیوں پر ماش کی کاشت انتہائی موزوں ثابت ہوئی ہے۔

انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ماش کی فصل کیلئے کھاد کی مقدار کادرست تعین کرنے کیلئے زمین کا تجزیہ بھی ضرور کروائیں۔انہوں نے کہاکہ اگر زمین کے تجزیئے کی سہولت موجود نہ ہو تو ایک بوری ڈی اے پی، آدھی بوری پوٹاشیم سلفیٹ یا ایک بوری ٹی ایس پی، آدھی بوری یوریا، آدھی بوری پوٹاشیم سلفیٹ یاایک بوری امونیم سلفیٹ، اڑھائی سے تین بوری سنگل سپرفاسفیٹ، آدھی بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ استعمال کی جاسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :