تناول سٹوڈنٹس سوسائٹی ہزارہ یونیورسٹی کی جانب سے گریجویٹ طلبہ کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد

جمعہ 27 جون 2025 14:00

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) تناول سٹوڈنٹس سوسائٹی ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کی جانب سے گریجویٹ ہونے والے طلبہ کیلئے ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان اعزاز پرووسٹ ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ سجاد خان نے طلبا سے گفتگو کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایس ڈی پی او مانسہرہ شاہجہان خان تنولی تھے جنہوں نے طلبہ سے خطاب کیا۔

تقریب میں تناول سٹوڈنٹس سوسائٹی کے صدر ادریس تنولی، سابق صدر کاشف تنولی، میڈیا پروفیشنل اسامہ نیازی تنولی، حلقہ اربابِ ذوق ہزارہ یونیورسٹی کے روحِ رواں حامد مسعود گوندل، شعبہ قانون سے تعلق رکھنے والے طالب علم سرمد فاروق خان اور دیگر تناول سٹوڈنٹس سوسائٹی کے ممبران نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ڈی پی او شاہجہان خان تنولی نے نوجوانوں کو تعلیم کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مٹی میں بڑے ذہین لوگ پیدا ہوئے ہیں اور تناول کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، ہمیں اپنے علاقہ کے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی مادری زبان میں گفتگو کرتے ہوئے نوجوانوں کو بھرپور انداز میں سراہا اور انہیں ملک کا روشن مستقبل قرار دیا۔ تقریب کے دوران مختلف طلبہ نے اپنے خیالات اور الوداعی پیغامات کا اظہار کیا۔ موجودہ صدر ادریس تنولی نے کہا کہ میری ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ نوجوانوں کی بہتری کیلئے کام کریں، انشاءاﷲ آئندہ بھی یہی مشن جاری رکھیں گے۔ تقریب کے دوران گریجویٹ ہونے والے طلبہ کو شیلڈز سے نوازا گیا۔ تقریب ایک خوشگوار اور جذباتی ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جہاں طلبہ نے ایک دوسرے کے ساتھ گذارے ہوئے لمحات کو یاد کیا اور روشن مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :