ئ*لاہور میں آٹزم سکول کی تعمیر، صوبائی وزیر قانون اور ثانیہ عاشق کی زیرصدارت اجلاس

ٌ آٹزم سکول کے کوریڈور، کلاس رومز، تھراپی رومز سمیت تعمیراتی معیار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

جمعہ 27 جون 2025 20:20

] لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2025ء)صوبائی وزیر تعمیرات و قانون ملک صہیب احمد بھرتھ اور اسپیشل اسسٹنٹ ٹو چیف منسٹر محترمہ ثانیہ عاشق کی زیر صدارت لاہور میں آٹزم سکول کی تعمیر کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں منصوبے کی موجودہ پیشرفت اور آئندہ کے مراحل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے دوران سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف اور اسپیشل ایجوکیشن اسکول کے افسران نے منصوبے کی تمام پہلوؤں پر تفصیلات سے آگاہ کیا۔

بریفنگ میں میٹیریل سپسیفکیشن، کوریڈورز، کلاس رومز، تھراپی رومز، دیواروں، چھت، دروازوں، کھڑکیوں اور سٹاف روم کے ڈیزائن اور تعمیراتی معیار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آرکیٹیکچرل سپسیفکیشن کا عمل فوری مکمل کیا جائے اور تمام تفصیلات شام تک فائنل کی جائیں تاکہ منصوبہ تیزی سے عملی شکل اختیار کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور میں آٹزم سکول کا قیام آٹزم سے متاثرہ بچوں کی بحالی کے لیے ایک انقلابی قدم ہے۔محترمہ ثانیہ عاشق نے بھی منصوبے کو معاشرتی فلاح و بہبود کا سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سکول خصوصی بچوں کے لیے ایک ایسا پلیٹ فارم ثابت ہو گا، جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں اجاگر کر سکیں گے۔اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور منصوبے کی کامیاب تکمیل کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :