کمشنر راولپنڈی ڈویژن کی زیر صدارت اجلاس،محرم الحرام کے دوران امن و امان اور دیگر انتظامات کا جائزہ

جمعہ 27 جون 2025 23:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان، صفائی، سیکورٹی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر کوآرڈینیشن سید نذارت علی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سبطین کاظمی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران سمیت ڈپٹی کمشنر جہلم، اٹک، چکوال اور مری ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

کمشنر راولپنڈی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران تمام انتظامات مکمل طور پر یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام مشینری، ضروری آلات اور متعلقہ عملہ ہر وقت دستیاب ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی جاۓ کہ وہ جلوسوں کے روٹس، مجالس کے مقامات اور دیگر اہم مقامات کا خود دورہ کریں اور تمام انتظامات کا جائزہ لیں ، انہوں نے کنٹرول رومز کے معائنہ اور ان کی مکمل فعالیت کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ تمام اسٹاف کی حاضری، کارکردگی اور نگرانی کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے اگر کسی جگہ کوئی کمی ہو یا اضافی معاونت کی ضرورت ہو تو فوری طور پر آگاہ کیا جائے تاکہ بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔

انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ مکمل ذمہ داری کے ساتھ اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں، کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت نہ کی جائے۔ امن و امان کے قیام، شہری سہولیات اور صفائی کے حوالے سے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔