بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں 5.5شدت کا زلزلہ، 100 مکانات کو نقصان، 5 افراد زخمی، دو کی حالت تشویشناک

اتوار 29 جون 2025 15:00

موسیٰ خیل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل اور گردونواح میں 5.5 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 100 سے زائد کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے ،5 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔زلزلہ پیما مرکز اسلام آباد کے مطابق صبح 3 بجکر 24 منٹ پر آنے والے 5.5 شدت کے زلزلے کی گہرائی 28 کلومیٹر اور مرکز موسیٰ خیل سے 56 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا کہ جھٹکے محسوس کیے جانے کے فوراً بعد ضلع کے کنٹرول روم سے رابطہ کیا گیا اور کچھ علاقوں سے نقصانات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق زلزلے سے دو مکانات مکمل طور پر تباہ اور 100 سے زائد کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے، مکانات گرنے سے 5 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے، علاقے میں امدادی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی ابتدائی رپورٹ کے مطابق 2 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں ،متعدد کو نقصان پہنچا ہے۔یہ بتایا گیا کہ گورنمنٹ ہائی سکول کی چاردیواری بھی منہدم ہو گئی ہے، مقامی لوگوں کے مطابق زلزلے کے شدید جھٹکے تقریباً 30 سیکنڈ تک جاری رہے۔رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل بلال شبیر نے بتایا کہ زلزلے سے 5 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔رپورٹ کے مطابق سیکڑوں مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے، جس کا تخمیہ لگانے کے لیے سروے شروع کر دیا گیا ہے، قریبی ضلع بارکھان کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔