پولیس نے خود کو حساس ادارے کا افسر ظاہر کرنے والے جعلساز کو پرائیویٹ گارڈز سمیت گرفتار کر لیا

ملزم کے قبضے سے حساس اداروں کے آئی ڈی کارڈز و دیگر دستاویزات اور اسلحہ برآمد،ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت سات مقدمات درج

اتوار 29 جون 2025 21:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)پولیس نے خود کو حساس ادارے کا افسر ظاہر کرنے والے جعلساز کو پرائیویٹ گارڈز سمیت گرفتار کر لیا،ملزم کے قبضے سے حساس اداروں کے آئی ڈی کارڈز و دیگر دستاویزات اور اسلحہ برآمد،ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت سات مقدمات درج کر لئے گئے۔حیدرآباد پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ بی سیکشن لطیف آباد انسپیکٹر نیاز احمد پنہور نے اپنے اسٹاف کے ساتھ دوران پیٹرولنگ مخفی اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے لطیف آباد نمبر 6 کے قریب سے 2 مختلف گاڑیوں Hilux Revo اور Mitsubishi منی پجیرو میں سوار ملزم دانش اقبال ولد صغیر احمد شیخ کو اپنے پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز سمیت گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم خود کو حساس ادارے کا آفیسر ظاہر کرتا تھا، پولیس کے مطابق ملزم کے پرائیویٹ گارڈز کی شناخت قادر مری ولد حاجی بہرام خان، اصغر علی ولد خان محمد ملاح، سجاد علی ولد امیر علی، اللہ داد ولد نہال مری اور قربان علی ولد تاج محمد مگسی کے ناموں سے ہوئی۔

(جاری ہے)

دوران تلاشی Hilux Revo بغیر نمبر پلیٹ انجن نمبر 1KDU977251 چیچس نمبر KUN126R094430 اور Mitsubishi منی پجیرو سے حساس اداروں کے ID کارڈز و دیگر دستاویزات، اصل و نقل شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، کوئٹہ گیریسن کا انٹری کارڈ، RANGE ROVER کا اصل رجسٹریشن کارڈ، HILUX REVO کا نقل رجسٹریشن کارڈ، نقد رقم 13 لاکھ 34 ہزار روپے، 2 لاکھ 57 ہزار کے جعلی نوٹ، 2 جعلی نمبر پلیٹس، 4 عدد UNM سیکیورٹی سروس کے اسلحہ اتھارٹی لیٹر، 3 عدد Iphone موبائل، 1 ڈبہ پیک Iphone 16 Pro, مختلف بینکس کے چیکس برآمد ہوئے۔

گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 عدد 30 بور پستول، 2 کلاشنکوف نما رائفل، 1 عدد 12 بور ریپیٹر، 1 عدد MP-5 رائفل برآمد ہوئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ شکایات موصول ہوئی تھیں کہ ایک جعلساز خود کو حساس ادارے کا آفیسر ظاہر کر کے معصوم شہریوں سے بھاری رقم کے عیوض سرکاری نوکریوں و دیگر مقاصد کا جھانسہ دلا کر لوٹتا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم اس سے قبل 2021 میں تھانہ کینٹ سے اسی نوعیت کے جرم میں گرفتار ہو چکا ہے۔بی سیکشن پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت سات مقدمات درج کر لئے۔