ملتان کے علاقے سیتل ماڑی میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی

اتوار 29 جون 2025 22:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) ملتان کے علاقے سیتل ماڑی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل احسان اللہ زخمی ہو گیا۔ فائرنگ کا واقعہ علی ٹاؤن میں پیش آیا۔پولیس کانسٹیبل تھانہ شاہ شمس میں تعینات ہے جو ڈیوٹی کر کے گھر واپس جا رہا تھا کہ گلی میں رانا محمد آصف اور 2 نا معلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔

(جاری ہے)

فائرنگ کی وجہ گلی میں آوارہ کتے پالنے سے منع کرنے پر ہوئی جس کا رانا آصف کو رنج تھا ۔اسی رنج میں رات گئے موقع دیکھ کر ملزم نے کانسٹیبل احسان اللہ کو جان سے مارنے کی کوشش کی۔ زخمی کانسٹیبل کو نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اُن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔واقعہ کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی۔دریں اثناء سٹی پولیس آفیسر ملتان صادق علی ڈوگر کی ہدایت پر ایس پی سٹی مہر سعید سیال اور ایس پی کینٹ کائنات اظہر نے نشتر ہسپتال میں کانسٹیبل احسان اللہ کی عیادت کی۔