Live Updates

امریکی ریاست اڈاہو میں فائر فائٹرز پر فائرنگ ، دو افراد ہلاک ،ایک زخمی

پیر 30 جون 2025 12:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) امریکی ریاست اڈاہو کے شہر کوئیور ڈی الین میں آگ بجھانے کے دوران 2 فائر فائٹرز نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجہ میں ہلاک ہو گئے۔ اے ایف پی نے کوٹینائی کائونٹی شیرف کے دفتر کے حوالہ سے بتایا ہے کہ فائر فائٹرز گزشتہ دوپہر کو کوئیور ڈی الین کے ہائیکنگ ایریا کین فیلڈ مائونٹین میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے کوشاں تھے کہ اس دوران نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 فائر فائٹرز ہلاک ہو گئے۔

مسلح افراد کی تعداد معلوم نہیں جبکہ واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔حکام نے کہا کہ انہیں کینفیلڈ ماؤنٹین پر فائر فائٹرز پر حملے کی جگہ سے ایک شخص کی لاش اور آتشیں اسلحہ ملا ہے۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق کین فیلڈ ماؤنٹین پر جنگل میں اب بھی آگ لگی ہے۔ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق رائفل سے مسلح شخص نے جنگل میں جان بوجھ کر آگ لگائی اور پھر شمالی ایڈاہو پہاڑی کمیونٹی میں آگ بجھانے کے لئے سب سے پہلے پہنچنے والے فائر فائٹرز پر فائرنگ شروع کر دی، کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے فائرنگ کے دوران دو فائر فائٹرز ہلاک اور تیسرا زخمی ہو گیا۔

حکام نے بتایا کہ ہمیں یقین ہے کہ مشتبہ شخص نے آگ لگائی، اور ہم سمجھتے ہیں کہ یہ گھات لگا کر حملہ کیا گیا تھا اور یہ جان بوجھ کر کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ان فائر فائٹرز کواپنی جان بچانے کا موقع نہیں ملا۔ حکام کے مطابق فائر فائٹرز نے ریڈیو پر اپنے اوپر ہونے والے حملے کی اطلاع دی جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات