تبدیلی کے دعویداروں نے بارہ سالہ دوراقتدارمیں صوبے کو اربوں روپےکا مقروض اور اداروں کوتباہی کے دہانے پرپہنچادیاہے،مولاناخیرالبشر

پیر 30 جون 2025 17:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) جے یوآئی پشاورکے سابق امیرپروفیسرمولاناخیرالبشر اورڈاکٹرعظمت علی مہمند نے سوات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر خیبرپختونخوا حکومت کی بے حسی ونااہلی پرشدیدغم وغصہ اورمتاثرہ خاندان سے ہمدردی کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ تبدیلی کے دعویداروں نے بارہ سالہ دوراقتدارمیں صوبے کو اربوں روپے کا مقروض اور اداروں کوتباہی کے دہانے پرپہنچادیاہے، لمحہ بہ لمحہ موت کوقریب آتادیکھ کرمددکے لئے چیخ وپکارکرنیوالے معصوم شہری بے رحم موجوں کی نذرہوگئے،کئی گھنٹے ملنے کے باوجودحکومتی مشینری شہریوں کو نہ بچاسکی،ڈیڑھ درجن کے قریب بچوں،بڑوں اورخواتین کی موت کے ذمہ دار وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا،چیف سیکرٹری،ڈی جی ریسکیو1122،وزیرسیاحت اور سوات انتظامیہ ہےجنہیں فوری طورپرمستعفی ہوجاناچاہیے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں مولاناخیرالبشرنے کہا کہ اعلیٰ عہدوں پرنااہل افرادبراجمان ہیں جنہیں علم ہی نہیں کہ اداروں کو کب اور کہاں حرکت میں لانا ہے،سیاحتی مقامات پرکوئی سائرن سسٹم موجود نہیں جو بروقت سیاحوں کو علاقہ خالی کرنے کی اطلاع دے، ایسے واقعات میں فوری امدادی کارروائیوں کے لئے ہیلی کاپٹر انتہائی ناگزیر ہے لیکن ریسکیو کے لئے ایک بھی ہیلی کاپٹر موجود نہیں۔

قابل افسوس امرہے کہ یہ خیبرپختونخوامیں پہلاسانحہ نہیں اس سے قبل بھی ایسے واقعات رونماہوچکے ہیں جن میں ہیلی کاپٹرکے ذریعہ قیمتی جانیں بچائی جاسکتی تھیں۔انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی خودکہتے تھے کہ مہذب معاشروں میں متعلقہ ذمہ دار خود استعفیٰ دیتے ہیں، اب یہ دیکھناہے کہ وزیراعلیٰ سمیت دیگرذمہ دار اخلاقی جرات کامظاہرہ کرتے ہوئے کب مستعفی ہوتے ہیں۔