پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت لہڑی کا ہیلپرزآئی ہسپتال کا دورہ ،مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا

پیر 30 جون 2025 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے پیر کو ہیلپرزآئی ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ہیلپرز ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر اسحاق پانیزئی نے میر لیاقت لہڑی کو ہسپتال کے بارے میں بریفنگ دی۔میر لیاقت لہڑی ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ میر لیاقت علی لہڑی نے ہیلپر آئی ہسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت کی اور مریضوں سے علاج و معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

مریضوں نے انتظامیہ ہیلپر ہسپتال اور ڈاکٹرز کی جانب سے دی جانے والی علاج و معالجے کی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ میر لیاقت علی لہڑی نے آنکھ کی سرجری ، لیزر اور آپریشن کرنے والی ڈاکٹرز اور طبی عملے سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایم ایس ہیلپر آئی ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر اسحاق پانیزئی ، پروفیسر ڈاکٹر شمس بازی ، ڈاکٹر ایمل ، ڈاکٹر چاکر بلوچ ، ڈاکٹر ارم اور ڈاکٹر سیف اللہ ناصر ، فارماسسٹ ، نرسز اور طبی عملے کے کارکردگی کو سراہااورکہاکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وزیر صحت بخت محمد کاکڑ سے ہیلپر آئی ہسپتال کے لیے جدید مشینری ، طبی آلات کی فراہمی کے لیے ملاقات کروں گا۔

ایم ایس ہیلپر آئی ہسپتال ڈاکٹر اسحاق پانیزئی نے بتایاکہ مریضوں کو بہترین علاج و معالجے کی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسال بروئے کار لائے جارہے ہیں تاکہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات بروقت فراہم کی جا سکیں۔