غیر قانونی موبائل آئل ریسائیکلنگ فیکٹری کے خلاف ضلعی انتظامیہ پشاور کی کارروائی، دو افراد گرفتار

پیر 30 جون 2025 21:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) ضلعی انتظامیہ پشاور نے ماحولیاتی تحفظ کو لاحق خطرات کے پیش نظر شیخ محمدی کے علاقے میں غیر قانونی طور پر چلنے والی موبل آئل ریسائیکلنگ فیکٹری کے خلاف موثر کارروائی کرتے ہوئے فیکٹری کو سیل کر دیا۔ فیکٹری سے فعال ریسائیکلنگ مشینری، استعمال شدہ موبل آئل، کیمیکلزاور دیگر سامان کو سرکاری تحویل میں لیا گیا، جبکہ فیکٹری کے اندر موجود دو افراد کو گرفتار کر لیاگیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق ضلع پشاور میں غیرقانونی تجارتی سرگرمیاں کرنے والوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں۔ ان کے مطابق ان فیکٹریوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری ہے۔ ایسی تمام سرگرمیاں جو ماحول کو نقصان پہنچاتی ہیں، ان کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ نہ صرف ایسی غیر قانونی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے بلکہ مستقبل میں ان کی روک تھام کے لیے سرویلنس اور انٹیلیجنس بنیادوں پر کڑی نگرانی کا نظام بھی نافذ کیا جا رہا ہے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسی کسی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ضلعی انتظامیہ یا متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ بروقت قانونی کارروائی کی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :