محرم الحرام میں امن و امان کیلئے لاہور پولیس کا کریک ڈائون، 25علاقوں میں سرچ آپریشنز

پیر 30 جون 2025 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے لاہور پولیس کی جانب سے شہر بھر میں سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کے مطابق شہر کے 25 مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشنز کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران 758گھروں اور 2,491افراد کی جامع جانچ پڑتال کی گئی۔

(جاری ہے)

فیصل کامران نے بتایا کہ 360 کرایہ داروں کے کوائف کی مکمل چھان بین کی گئی جبکہ کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 3افراد کو حراست میں لیا گیا۔

سرچ آپریشنز کے دوران اسلحہ برآمد ہونے پر 2ملزمان جبکہ منشیات کی برآمدگی پر 5افراد کو گرفتار کیا گیا۔ مزید برآں، مختلف مقدمات میں مطلوب 2اشتہاری ملزمان کو بھی قانون کی گرفت میں لایا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ امن و امان قائم رکھنے کے لیے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری ناگزیر ہے۔ انسدادی کارروائیوں کے تحت مجموعی طور پر 13افراد کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔