وی گروہائبرڈ تخم چاول کی کاشت سے کاشتکاروں کو بے پناہ فائدہ ہو گا،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت

منگل 1 جولائی 2025 19:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) وی گروہائبرڈ تخم چاول کی کاشت سے ضلع اوستہ محمد کے رجسٹر ڈ ز ڈیلران تخم چاول اور محکمہ زراعت کے افسران کے تعاون سے نور محل شادی ہال میں سیمینار کا انعقاد کیا گیاجس میں زمینداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ سیمینار سے مہمان خاص میئر اوستہ محمد میونسپل کارپوریشن میر مظفر خان جمالی ،ضلعی وائس چیرمین غلام مصطفی رند ،وی گرو کے بزنس منیجرمٹھل خان باچکانی ،زمیندار ایسوی ایشن کے جنرل سیکرٹری میر حاکم خان جمالی اور محکمہ زراعت سیڈ فارم اوستہ محمد کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر ایازاحمد لاشاری نے بھی خطاب کیا ۔

سیمینار میں ہائبرڈ تخم چاول کی افادیت کے حوالے سے سیر حاصل بحث کی اورتفصیلی روشنی ڈالی گئی جس کو زمیندارران نے سراہا ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹرایاز احمد لاشاری نے کہا کہ وی گرو ہائبرڈ تخم چاول کی کاشت سے کاشت کاروں کو بے پناہ فائدہ ہوگا کیونکہ اس سے نہ صرف فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوگا بلکہ چاول کی کاشت میں اور مجموعی طور پر زرعی پیداوار میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ جدید بیج فصلوں کو بیماریوں اور کیڑوں کے حملوں کے خلاف بہتر مزاحمت فراہم کرتے ہیں، جس سے کسانوں کو کم نقصان ہوتا ہے اور ان کی محنت کا بہتر پھل ملتا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہائبرڈ چاول کی کاشت فصل کی کم مدت میں زیادہ پیداوار کی صلاحیت رکھتی ہے، جس سے کسانوں کو ایک سال میں ایک سے زیادہ فصلیں کاشت کرنے کا موقع مل سکتا ہے، یوں ان کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں زراعت کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایسی جدید ٹیکنالوجی کا فروغ نہایت اہم ہے تاکہ بلوچستان کے کسان بھی جدید زرعی طریقوں سے مستفید ہو کر اپنی معاشی حالت کو بہتر بنا سکیں۔ یہ اقدام صوبے کی غذائی خود کفالت کو یقینی بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔