راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کا مون سون بارشوں کے پیش نظر جامع ایمرجنسی پلان

منگل 1 جولائی 2025 23:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ (آر سی بی) نے متوقع مون سون بارشوں کے پیش نظر ایک جامع ایمرجنسی پلان تشکیل دے دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ پنجاب میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد یہ اقدامات کیے گئے ہیں۔ آر سی بی کے ایڈیشنل چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ارشد خان نے بتایا کہ کینٹ بورڈ نے تربیت یافتہ اہلکاروں پر مشتمل ایک خصوصی ایمرجنسی ریسپانس ٹیم قائم کی ہے جو مون سون کے دوران ممکنہ مسائل سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان علاقوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جہاں بارش کے پانی کے جمع ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ ارشد خان کے مطابق 29 میں سے 25 بڑے نالوں اور نکاسی آب کے راستوں کی صفائی مکمل کر لی گئی ہے تاکہ پانی کی روانی میں رکاوٹ نہ ہو۔

(جاری ہے)

آر سی بی نے متعلقہ اداروں سے قریبی رابطہ قائم کر لیا ہے تاکہ موسم کی تازہ ترین صورتحال پر نظر رکھی جا سکے اور عوام کو بروقت آگاہ کیا جا سکے۔

کینٹ بورڈ کی جانب سے ایک ایمرجنسی کنٹرول روم بھی قائم کیا جا رہا ہے جبکہ موبائل ریسکیو ٹیمیں ہر وقت الرٹ رہیں گی۔ ایڈیشنل سی ای او نے کہا کہ عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے ایک آگاہی مہم بھی شروع کی جا رہی ہے جس کا مقصد شہریوں کو شدید بارش کے دوران احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بارشوں کے دوران برساتی نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔