آسٹریلیا میں پرواز کے سامان خانے سے سانپ برآمد، دو گھنٹے کی تاخیر

بدھ 2 جولائی 2025 16:14

ملبورن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) آسٹریلیا میں مسافر طیارے کے سامان خانے سے سانپ برآمد ہونے کے باعث پرواز دو گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی ۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق آسٹریلیا میں ایک مقامی فضائی پرواز کو اُس وقت دو گھنٹے کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا جب سامان رکھنے کے خانے سے ایک سانپ برآمد ہوا۔ یہ واقعہ منگل کے روز وِرجن آسٹریلیا کی پرواز وی اے 337 پر پیش آیا جو ملبورن سے برسبین جا رہی تھی۔

(جاری ہے)

معلومات کے مطابق، مسافروں کے سوار ہونے کے دوران سامان کے حصے میں ایک 60 سینٹی میٹر طویل ہرا درختی سانپ پایا گیا، جسے سانپ پکڑنے کے ماہر مارک پلی نے قابو میں لیا۔پلی کا کہنا تھا کہ ابتدا میں سانپ کو دیکھ کر وہ یہ سمجھ بیٹھے کہ یہ زہریلا ہو سکتا ہے، کیونکہ اندھیرے میں یہ خطرناک محسوس ہو رہا تھا۔ تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ سانپ بے ضرر تھا۔ واضح رہے کہ دنیا کے زیادہ تر زہریلے سانپ آسٹریلیا میں پائے جاتے ہیں، اور قرنطینہ کے ضوابط کے تحت ایسے جانوروں کو دوبارہ جنگل میں چھوڑنا ممکن نہیں ہوتا۔یہ سانپ، جو کہ محفوظ نسل سے تعلق رکھتا ہے، اب ملبورن کے ایک ویٹرنری ماہر کے حوالے کر دیا گیا ہے۔