کویت نے چار نئی ویزا اقسام کا اجرا کر دیا

سیاحت، تجارت، خاندانی ملاقات اور سرکاری دوروں کے لیے ویزا درخواستیں ممکن

جمعرات 3 جولائی 2025 16:14

کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)کویت نے ویزا جاری کرنے کے لیے ایک نیا الیکٹرانک نظام متعارف کرایا ہے جو مختلف اقسام کے ویزوں کے حصول کے عمل کو نہایت آسان اور تیز تر بنا دے گا۔ یہ قدم ملک کی ڈیجیٹل خدمات کی بہتری اور کویت کو خطے میں سرمایہ کاری و سیاحت کے لیے ایک پرکشش مرکز بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق نئے نظام کے تحت چار اقسام کی ویزا سہولت فراہم کی گئی ہے جن میں سیاحتی، خاندانی، تجارتی اور سرکاری ویزے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سیاحتی ویزا کی مدت تین ماہ ہو گی، جبکہ خاندانی، تجارتی اور سرکاری ویزے 30 دن کے لیے جاری کیے جائیں گے۔تجارتی ویزا بین الاقوامی کمپنیوں اور اداروں کے نمائندوں کو کاروباری اجلاسوں اور تقاریب میں شرکت کے لیے جاری کیا جائے گا، جبکہ سرکاری ویزا حکومتی وفود اور اعلی سرکاری شخصیات کو دیا جائے گا۔یہ اقدام کویتی حکومت کی اس پالیسی کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنا، بین الاقوامی روابط کو فروغ دینا اور کویت کو ایک زیادہ کھلا اور عالمی رجحانات سے ہم آہنگ ملک بنانا ہے۔