ایرانی صوبے سیستان ، بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر گھات لگا کرحملہ ؛ 5 اہلکارجاں بحق

یہ حملہ گھات لگا کر اس وقت کیا گیا جب دو پولیس گاڑیاں معمول کے گشت پر تھیں، دونوں گاڑیاں چھلنی ہوگئیں،ایرانی پولیس

ہفتہ 23 اگست 2025 17:01

ایرانی صوبے سیستان ، بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر گھات لگا کرحملہ ..
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء)ایران کے شورش زدہ صوبے سیستان-بلوچستان میں مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ میں کم از کم 5 پولیس اہلکار کے جاں بحق اور تین کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق یہ حملہ گھات لگاکر اس وقت کیا گیا جب دو پولیس گاڑیاں معمول کے گشت پر تھیں۔ دونوں گاڑیاں چھلنی ہوگئیں۔ایرانی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کا تعلق امن و امان قائم رکھنے والے یونٹ سے تھا جو علاقے میں گشت کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

حملہ آور واقعے کے بعد فرار ہوگئے جن کی تلاش میں سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کردیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ایران میں علیحدگی پسند عسکری جماعتیں اور شدت پسند تنظیمیں بھی ایسے واقعات میں ملوث رہی ہیں تاہم ابھی تک کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

(جاری ہے)

ایرانی خبر رساں اداروں نے جائے وقوعہ کی تصاویر جاری کی ہیں، جن میں پولیس وین پر گولیوں کے نشانات اور زمین پر پڑی لاشیں واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اور افغانستان کی سرحدوں کے قریب واقع یہ صوبہ برسوں سے شورش زدہ، منشیات کی اسمگلنگ اور علیحدگی پسند گروپوں کی سرگرمیوں کے باعث عدم استحکام کا شکار ہے۔یہی وجہ ہے کہ سیستان-بلوچستان میں حالیہ برسوں میں متعدد بار سیکیورٹی اہلکاروں پر گھات لگا کر حملے ہو چکے ہیں۔