مشی خان اینٹی ایجنگ انجکشن لگوانے والوں پر برس پڑیں

کورین لوگوں کا کھانا پینا مختلف ہے، ان کے موسم الگ ہے ہماری اسکن ان کے جیسی نہیں ہوسکتی

جمعہ 4 جولائی 2025 15:03

مشی خان اینٹی ایجنگ انجکشن لگوانے والوں پر برس پڑیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)پاکستانی اداکارہ و میزبان مشی خان جوان اور گورا دکھائی دینے کے لیے وٹامن، ڈرپس اور انجکشن لگوانے والوں پر برس پڑیں۔فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے بھارتی اداکارہ و ماڈل شیفالی جری والا کی اچانک موت کی روشنی میں کاسمیٹک سرجری، وٹامن ڈرپس لگانے والوں کو کھری کھری سنا دی۔

انہوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کل بہت لوگ خوبصورت دکھائی دینے کے شوق میں مختلف تجرنات کرتے ہیں، اپنی صحت کو نقصان پہنچاتے ہیں یہ سوچے بغیر کہ جان ہے تو جہاں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے تجربات بند کریں، اللہ تعالی کی دی ہوئی نعمت کا شکر ادا کریں، اپنی صحت پر توجہ دیں، ورزش کریں، کسی مشغلے میں خود کو مصروف کریں تاکہ تنا سے بچ سکیں، بجائے اس کے وٹامن ڈرپس اور گلوٹاتھیون جیسی کیمیکل ڈرپس کا سہارا لیں کیونکہ آپ کو نہیں معلوم کہ جو آپ کی رگوں میں جا رہا ہے وہ کیا ہے اور یہ آپ کیلیے موزوں ہے یا نہیں۔

(جاری ہے)

مشی خان نے مزید کہا کہ کورین گلاس اسکن کے چکر میں وٹامن ڈرپس اور گلوٹاتھیون کے انجکشن جیسی کیمیکل لگوانا، قدرتی عمل نہیں ہے، ان کے مضر اثرات ہوں گے، جو طویل مدتی ہو سکتے ہیں۔ کورین لوگوں کا کھانا پینا مختلف ہے، ان کے موسم الگ ہے ہماری اسکن ان کے جیسی نہیں ہوسکتی اس لیے اس طرح کے تجرنات نہ کریں۔سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی مذکور ویڈیو کے کیپشن میں بھی انہوں نے صارفین پر زور دیا کہ خوبصورتی کے چکر میں اپنی صحت کے ساتھ نہ کھلیں، کیونکہ بڑھتی عمر کے اثرات تو پھر بھی دکھائی دیں گے لیکن اس کے ساتھ ساتھ مختلف صحت کے مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔

اداکارہ کی ویڈیو کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے صارفین نے ان سے اتفاق کرتے ہوئے شفالی جری والا کی موت کو بیوٹی ٹریٹمنٹ کروانے والوں کے لیے خوفناک مثال قرار دی۔