وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر سبزی و فروٹ منڈیوں میں ڈیجیٹل سسٹم کا نفاذ کرنے فیصلہ کیا ہے، ڈاکٹر احسان بھٹہ

جمعہ 4 جولائی 2025 19:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر سبزی و فروٹ منڈیوں میں ڈیجیٹل سسٹم کا نفاذ کرنے فیصلہ کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب ایگریکلچرل مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس ڈاکٹر احسان بھٹہ نے سبزی منڈیوں کی صفائی ستھرائی کے انتظامات ایل ڈبلیو ایم سی کے سپرد کرنے کا احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کی منڈیوں میں مارکیٹ فیس وصولی کو آؤٹ سورس کرنے سے ریونیو میں نمایاں اضافہ ہو گا۔ اس سلسلے میں باقاعدہ پلان مرتب کیا جائے تاکہ اس پر جلد عملدرآمد کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

محکمے کے ریونیو اہداف میں اضافے کیلئے آؤٹ سورسنگ ماڈل کا دائرہ کار وسیع کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت جاری کی کہ منڈیوں میں بولی کے اوقات میں سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کی بذریعہ جیو ٹیگنگ معہ تصاویر حاضری لازم ہوگی۔ سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے مارکیٹ کمیٹیوں کے سالانہ اہداف پورے نہ ہونے پر سخت کارروائی کا عندیہ دیا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ منڈیوں میں صفائی، نکاسی آب، صاف پانی اور بجلی کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر کی جائے۔

انہوں نے افسران اور عملے کی استعداد کار میں اضافے کیلئے پیام کو ٹریننگ ماڈیولز فوری تیار کرنے کی ہدایت کی، محکمے کے زیر انتظام تمام اتھارٹیز ڈیجیٹل ڈیٹا بیس اور کوآرڈی نیشن یقینی بنائیں گے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ماہ نومبر تک کاہنہ کاچھا مارکیٹ کو ماڈل بنانے کا انتباہ بھی کیا۔ اس موقع پر ڈی جی پامرا طارق بسرا نے محکمانہ امور اور جاری پراجیکٹس بارے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔