پنجاب بھر میں 12 لاکھ مستحق خاندانوں کو راشن کارڈ کے ذریعے ماہانہ 3 ہزار روپے کی سبسڈی فراہم کی جائیگی ، ملک فیصل ایوب کھوکھر

جمعہ 4 جولائی 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) صوبائی وزیر برائے لیبر و افرادی قوت ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی قیادت میں محنت کشوں سے کیا گیا وعدہ پورا ہو چکا ہے، پنجاب بھر میں محنت کش خاندانوں کے لیے ایک انقلابی ریلیف پیکج کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت 12 لاکھ مستحق خاندانوں کو راشن کارڈ کے ذریعے ماہانہ 3 ہزار روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی ’’مریم نواز راشن کارڈ‘‘ کی بدولت ہر گھر میں راشن پہنچے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا فلاحی اقدام ہے جس سے براہ راست محنت کش طبقہ مستفید ہوگا جبکہ اس منصوبے کا باقاعدہ آغاز ڈسٹرکٹ وائز کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ابتدائی مرحلے میں بہاولپور، مظفرگڑھ، جھنگ، ڈیرہ غازی خان، راولپنڈی، قصور اور لاہور سمیت دیگر اضلاع شامل ہیں،ہر ماہ مزید اضلاع کو اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا اور آئندہ پانچ سے چھ ماہ میں تمام اضلاع میں راشن کارڈ کی تقسیم مکمل کر لی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ منصوبہ محکمہ لیبر، بینک آف پنجاب پی آئی ٹی بی اور دیگر متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے مکمل کیا جا رہا ہے اور راشن کارڈ کی تقسیم کا عمل روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ راشن کارڈ میں کسی قسم کی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔پریس کانفرنس کے دوران صوبائی وزیر نے سوشل سکیورٹی اداروں کے حوالے سے بھی متعدد اعلانات کیے کہ تمام سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن جاری ہے،ساڑھے پانچ ارب روپے کی لاگت سے پرانی مشینری کو تبدیل کیا جا رہا ہے،تمام ہسپتالوں میں ڈبل شفٹ اور ڈینٹل سرجنز کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے، حالیہ بورڈ اجلاس میں فزیو تھراپسٹ کی نئی سیٹوں کی بھی منظوری دے دی گئی ہے اور پنجاب بھر میں ڈے کئیر سینٹرز کی حالت بہتر بنانے کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے اس موقع پر واضح کیا کہ پنجاب میں کم از کم اجرت 40 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اختتام پر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ یہ تمام اقدامات وزیراعلی پنجاب کی عوام دوست قیادت اور محنت کشوں کے لیے ان کی سنجیدگی کا ثبوت ہیں، پنجاب میں کوئی بھی محنت کش نظر انداز نہیں ہوگا، ہم سب کو رجسٹرڈ کریں گے اور ان کی فلاح کو یقینی بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :