کے پی میں رجیم چینج کی کہانی کی طرح ابراہم اکارڈ کی اسٹوری بھی میڈیا پر بنائی گئی

واضح بتا رہا ہوں کہ اسرائیل کو تسلیم کرنا تو دور ان کے ساتھ ہمدردی کی بھی کوئی گنجائش نہیں، اس پر کوئی بات کرنا بھی وقت کا ضیاع ہے۔ وفاقی وزیرطارق فضل چوہدری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 5 جولائی 2025 23:13

کے پی میں رجیم چینج کی کہانی کی طرح ابراہم اکارڈ کی اسٹوری بھی میڈیا ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 05 جولائی 2025ء ) وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ کے پی میں رجیم چینج کی کہانی کی طرح ابراہم اکارڈکی اسٹوری بھی میڈیا پر بنائی گئی، واضح بتا رہاہوں کہ اسرائیل کو تسلیم کرنا تو دور ان کے ساتھ ہمدردی کی بھی کوئی گنجائش نہیں،اس پر کوئی بات کرنا بھی وقت کا ضیاع ہے۔ انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں حکومت تبدیل ہونے کی بات اندازے اور قیاس آرائی ہے، اس پرن لیگ اور پیپلزپارٹی میں کوئی اتفاق رائے نہیں ہے، گورنر کا تعلق پیپلزپارٹی سے ہے وہ ایک منجھے سیاستدان ہیں، اگر وہ وہاں پیپلزپارٹی کیلئے کام کرتے ہیں تو سیاست میں ہوتا ہے۔

صوبے میں امن وامان اور دہشتگردی کے خاتمے کا کام ہونا ہے ، اس کو وفاقی حکومت اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے ،کے پی میں دہشتگردی کا خاتمہ کرنا ، دہشتگردوں کو چن چن کر مارنایہ ہماری سکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے اس سے کوئی بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔

(جاری ہے)

اس وقت دہشتگردی ختم کرنے کی بہترین صورتحال ہے، ایران میں دہشتگردوں کے ٹھکانے ختم ہوگئے ہیں، وہ دہشتگردوں کو پکڑ کرپاکستان کے حوالے کررہا ہے ، افغانستان تعاون کررہا ہے، وہ دہشتگردی نہیں ہونے دے رہا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں رجیم چینج ہمارا ہدف نہیں ہے، نہ ہی پارٹی میں کوئی بات ہوئی ہے، کے پی میں نالائق حکومت ہے عوام خود ان کا محاسبہ ضرور کریں گے، صوبے میں کوئی ڈویلپمنٹ نہیں ہورہی، گنڈاپور کی گفتگو کسی اخلاقی دائرے میں نہیں آتی، ان کی انتشاری اور فسادی سیاست ہے، وہاں سے رجیم چینج کی بات ہوئی ہے۔کے پی میں رجیم چینج کی کہانی میڈیا اور وی لاگر نے بنائی اسی طرح ابراہم اکارڈکی اسٹوری بھی میڈیا پر بنی، واضح بتا رہاہوں کہ اسرائیل کو تسلیم کرنا تو دور ان کے ساتھ کسی سطح پرہمدردی کی بھی کوئی گنجائش نہیں۔اس پر کوئی بات کرنا بھی وقت کا ضیاع ہے۔