سعودی عرب، تارکین وطن کے لیے ورک پرمٹس کی تین مہارتی ضمروں میں تقسیم

نیا نظام ورکرز کی صلاحیت جانچنے، مہارت منتقل کرنے اور مقامی مارکیٹ کی بہتری کے لیے متعارف

پیر 7 جولائی 2025 12:10

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)سعودی عرب نے ملک میں کام کرنے والے غیرملکی کارکنوں کے ورک پرمٹس کو تین بڑے مہارتی زمروں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں اعلی مہارت یافتہ، ماہر اور بنیادی سطح شامل ہیں۔ اس فیصلے کا مقصد سعودی لیبر مارکیٹ میں عالمی مہارتیں منتقل کرنا، آپریشنل صلاحیت میں اضافہ، تجربے سے استفادہ اور اختراعی ماحول پیدا کرنا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق یہ نیا درجہ بندی نظام وزیر برائیافرادی قوت و سماجی ترقی انجینئر سلیمان الراجحی ن کی جانب سے متعارف کرایا گیا ہے۔ جو غیرملکی کارکنوں کی مہارتوں اور اہلیتوں کی جانچ اور انہیں بہتر انداز میں منظم کرنے میں مدد دے گا۔ یہ اقدام عالمی سطح پر اپنائی جانے والی بہترین پالیسیوں سے ہم آہنگ ہے۔

(جاری ہے)

اعلان کے مطابق سعودی عرب میں پہلے سے موجود غیرملکی کارکنوں کے ورک پرمٹس کی درجہ بندی کا آغاز 18 جون 2025 سے ہوا، جبکہ یکم جولائی 2025 سے مملکت میں نئے آنے والے کارکنوں پر اس درجہ بندی کا اطلاق ہوگا۔

اس حوالے سے افرادی قوت کے ماہر عبداللہ آل عید نے کہا کہ نیا فیصلہ وزارت کے اس ویژن کا حصہ ہے جس کے تحت سعودی لیبر مارکیٹ کے معیار کو بلند کرنا، مہارتوں کی بنیاد پر بھرتی کو فروغ دینا اور پیشہ ورانہ اہلیت میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ورک پرمٹس کی اس درجہ بندی سے وزارت کے پیشہ ورانہ معیار کے پروگرام کے اہداف میں بھی بہتری آئے گی، جو کہ ایک ہزار سے زائد ملازمتوں کو ہدف بناتا ہے۔ اس سے آجرین کو اپنے ملازمین کی اصل مہارت کا اندازہ لگانے اور اسے سرکاری طور پر تسلیم شدہ پیشہ ورانہ معیار کے مطابق پرکھنے میں آسانی ہوگی۔

متعلقہ عنوان :