Live Updates

چیئرمین اعجاز احمد لغاری کی زیر صدارت ضلعی کونسل لاڑکانہ کے بجٹ اجلاس برائے مالی سال 2025-26 کا انعقاد

جمعرات 10 جولائی 2025 20:40

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) چیئرمین اعجاز احمد لغاری کی زیر صدارت ضلعی کونسل لاڑکانہ کا بجٹ اجلاس برائے مالی سال 2025-26 منعقد ہوا۔ پیش کردہ بجٹ کے مطابق کل متوقع آمدنی 73 کروڑ 34 لاکھ 81 ہزار 203 روپے، غیر ترقیاتی اخراجات 54 کروڑ 5 لاکھ 82 ہزار 785 روپے جبکہ تجویز کردہ بچت 13 لاکھ 98 ہزار 418 روپے ظاہر کی گئی۔چیئرمین نے مزید کہا کہ بجٹ اجلاس میں جن باتوں پر گفتگو ہوئی اُن میں ضلعی کونسل لاڑکانہ کی طرف سے ہر یونین کونسل میں خواتین کو سلائی مشینیں، معذور افراد کو ویل چیئرز، صفائی ستھرائی کے لیے چنگچی لوڈرز، غریب افراد میں نلکے اور بیروزگار نوجوانوں کے لیے چنگچی رکشے دیے جائیں گے، اس کے علاوہ آر او پلانٹس بھی منظور کرائے گئے ہیں۔

اے ڈی پی اسکیمز کے تحت 300 ملین روپے منظور کیے گئے ہیں جن سے ہر یونین کونسل میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے تحت ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ میں پارٹی چیئرمین کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمیں 30 کروڑ روپے منظور کرا کر دیے، جن کی مدد سے ضلعی کونسل کی عمارت کو نئے سرے سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر ضلعی کونسل کے وائس چیئرمین اسد اللہ بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا بجٹ بھی ہر بار کی طرح ایک بہترین بجٹ ہے اور مجھے امید ہے کہ ہم اخراجات کو کم کرکے اور ممبران کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک بہترین کام سرانجام دے رہے ہیں۔

اس موقع پر ایوان کے ممبران نے ترقیاتی اسکیموں، صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس، سولر پلیٹس اور عوام کو دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اپنی رائے دی، جنہیں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات