صنعتی شعبے کی بہتری کیلئے لاہور چیمبر میں اہم اجلاس

جمعرات 10 جولائی 2025 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) چیمبر آف کامرس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں گورنمنٹ انڈسٹری سیکرٹری محمد عمر مسعود، ایل سی سی آئی لاہور کے صدر ابوذرارشاد ، سینئر نائب صدر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری، وزارتِ سرمایہ کاری و تجارت کے کوآرڈینیٹر ندیم پہلوان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معروف صنعتکاروں نے بھرپور شرکت کی۔

اجلاس کا مقصد صنعتی شعبے کو درپیش مسائل، چیلنجزاور ان کے حل کے لیے تجاویز پر غور و فکر کرنا تھا۔شرکا نے حکومت کو باور کروایا کہ موجودہ حالات میں صنعتوں کو جن مشکلات کا سامنا ہے ان میں بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ،ایکسپورٹ کے مسائل خام مال کی کمی اور جدید مشینری تک رسائی شامل ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ انڈسٹریل زونز کو سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعت کاروں کو آسان قرضے دیئے جائیں تا کہ برآمدات کو فروغ دینے کے لیے پالیسی میں نرمی کی جا سکے ۔

اس موقع پر حکومتی نمائندگان نے شرکا کو یقین دہانی کروائی کہ ان کی تجاویز کو اعلی سطح تک پہنچایا جائے گا اور پالیسی سازی میں ان کی آرا کو شامل کیا جائے گا۔ترجمان کے مطابق اجلاس صنعت اور معیشت کے استحکام کے لیے اہم قدم ثابت ہوگا اور امید ہے کہ اس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔