لوبیاکی ترقی دادہ اقسام سی پی ون، سی پی ٹو، سی پی 518، وائٹ سٹار اور ایس اے ڈینڈی کو بہتر ین پیداوار کیلئے موزوں قرار

جمعہ 11 جولائی 2025 13:45

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) لوبیاکے کاشتکاروں کو بروقت کاشت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار لوبیاکی فصل کی کاشت کیلئے زرخیز میرازمین کاانتخاب کریں۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع عدیل احمدنے کاشتکاروں کو آگاہ کیا کہ کھیت کو وتر آنے پر 2سے3 مرتبہ ہل چلا کرسہاگہ کی مدد سے اچھی طرح ہموار کرلینا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار لوبیاکی ترقی دادہ اقسام سی پی ون، سی پی ٹو، سی پی 518، وائٹ سٹار اور ایس اے ڈینڈی وغیرہ کاشت کر کے بہتر پیداوار حاصل کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چارہ کی فصل کیلئے شرح بیج 12سے15 کلوگرام فی ایکڑ اور بیج کے حصول کیلئے8سے 10کلوگرام فی ایکڑ ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اچھی پیداوار کیلئے زمین کی تیاری کے دوران ایک بوری ڈی اے پی فی ایکڑ کھیت میں ڈالنے کے علاوہ لوبیاکی فصل بذریعہ ڈرل بھی کاشت کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ قطاروں میں کاشت کی صورت میں درمیانی فاصلہ کم از کم ایک فٹ ہوناچاہیے تاکہ گوڈی، چھدرائی اور جڑی بوٹیوں کی تلفی میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرناپڑے۔ انہوں نے کہاکہ ا س ضمن میں مزید معلومات کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔