ڈی سی لاہورکا تحصیل شالیمار کے مختلف علاقوں کا دورہ

جمعہ 11 جولائی 2025 13:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی جانب سے شہر کے انتظامی امور کی موثر نگرانی کے لیے مختلف تحصیلوں کے دورے روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں۔ جمعہ کی صبح ڈی سی لاہور نے تحصیل شالیمار کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے صفائی، تجاوزات، نکاسی آب اور دیگر بلدیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر سی او ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا، اے سی شالیمار محمد ثاقب ترازی اور دیگر متعلقہ افسران ان کے ہمراہ تھے۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کیمطابق ڈی سی لاہور نے کرول گھاٹی، محمود بوٹی، سوئی والا روڈ، گڑھی شاہو فلائی اوور اور حاجی کیمپ کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران محمود بوٹی میں واسا ڈسپوزل سٹیشن کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا جہاں واسا حکام نے انہیں نکاسی آب اور سیوریج سے متعلق بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ڈی سی لاہور نے واسا کو ہدایت کی کہ نکاسی آب اور سیوریج کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔

صفائی کی صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی کو صفائی کے نظام میں فوری بہتری لانے اور کوڑا کرکٹ مقررہ ڈمپنگ سائٹس پر منتقل کرنے کی ہدایت جاری کی۔ڈپٹی کمشنر نے علاقے میں تجاوزات کی موجودگی پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ایم او آر اور اسسٹنٹ کمشنر کو مثر انسداد تجاوزات آپریشنز اور سخت نگرانی کا حکم دیا۔