مویشی پال حضرات بارشوں کے موسم میں جانوروں کو بیماریوں سے محفوظ رکھیں، ڈاکٹر عقیل سہیل

جمعہ 11 جولائی 2025 15:52

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لائیوسٹاک پسرور ڈاکٹر عقیل سہیل نے مویشی پال حضرات سے ملاقات کی اور کانگو وائرس اور جانوروں کی مختلف بیماریوں سے بچائو کے بارے میں آگاہی دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جانوروں کو بیماریوں سے بچانا بہت ضروری ہے، جہاں چیچڑ زیادہ دیر تک رہیں وہاں پر کانگو وائرس کا خدشہ موجود ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیچڑ جانوروں کا خون چوستے ہیں جس سے جانور لاغر اور بیمار ہوجاتے ہیں، اس سے جانوروں میں دودھ اور گوشت کی پیداوار میں نمایاں کمی ہوجاتی ہے۔ انہوں نے جانوروں میں پیٹ کے کیڑوں کے نقصانات کے بارے میں بھی آگاہی دی اور ان کے خاتمہ کےلئے طریقہ کار کو سکرین پر دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹ کے کیڑوں کی دوائی جانوروں کو ہر تین ماہ میں ایک بار ضرور پلائی جانی چاہیے ،دوائی نہ پلانے کی صورت میں پیٹ کے کیڑے جگر پر حملہ آور ہوتے ہیں جس سے بھی جانور میں خون کا بننا کم ہوجاتا ہے ،دودھ اور گوشت کی پیداوار میں نمایاں کمی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیماری زیادہ دیر تک رہنے کی صورت میں جانور موک کی طرف چلے جاتے ہیں جس سے جانور کی موت بھی ہوسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :