باپ کے جنازے میں شرکت کیلئے بلوچستان سے پنجاب آنے والے دو بھائیوںکے اپنے جنازے بھی گھر پہنچ گئے

جمعہ 11 جولائی 2025 18:35

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2025ء)باپ کے جنازے میں شرکت کیلئے بلوچستان سے پنجاب آنے والے دو بھائیوںکے اپنے جنازے بھی گھر پہنچ گئے ، محنت مزدوری کیلئے کوئٹہ میںمقیم دو حقیقی بھائی پنجاب واپس آرہے تھے کہ بلوچستان میں امن دشمنوں نے بسوں سے اتار کو گولیوں سے بھون ڈالا ،ایک ہی گھر سے تین جنازے اٹھنے پر علاقے بھر میں کہرام مچ گیا ۔

تفصیل کے مطابق بلوچستان کے علاقہ لورا لائی کے قریب بسوں سے اتار کر شناختی کارڈ چیک کرکے پنجابی ہونے پر دہشت گردوں کے ہاتھوں موت کے گھاٹ ا تارے جانے والے افراد میں صوبہ پنجاب کے شہر دنیا پور کے رہائشی دو حقیقی بھائی جبار طور اور عثمان طور بھی شامل تھے جو کہ اپنے والد نذیر طور کے جنازے میں شرکت کیلئے ہنگامی طور پر کوئٹہ سے پنجاب دنیا پور واپس آرہے تھے ۔

(جاری ہے)

بلوچستان میں پھر سے امن اور ملک دشمنوں نے پنجاب کے رہنے والے بے گناہ پاکستانیوں کو بسوں سے اتار کر گولیوں سے بُھون ڈالا۔شہداء میں دنیاپور شہر کے رہائشی دو حقیقی بھائی عثمان طور اور جبار طور بھی شامل ہیں جو کوئٹہ میں روزی روٹی کیلئے مقیم تھے۔اُن کے والد نذیرطُور کی اچانک وفات ہوئی اور دونوں بھائی و الد کی تجہیز و تکفین میں شرکت کیلئے آ رہے تھے کہ بلوچستان کے علاقہ لورا لائی میں دہشت گردی کے واقعہ کے بعد دونوں بھائیوں کے جنازے گھر پہنچ گئے ۔دنیا پور میں ایک ہی گھر سے والد اور بیٹوں سمیت تین جنازے اٹھے تو علاقے بھر میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی ۔