دالبندین ہندو پنچایت کے نوجوان دن دہاڑے لٹ گئے

جمعہ 11 جولائی 2025 21:10

دالبندین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)دالبندین ہندو پنچایت کے نوجوان دن دہاڑے لٹ گئے، انتظامیہ بے بس، عدم تحفظ کے خلاف احتجاج کا اعلان۔تفصیلات کے مطابق دالبندین کے مرکزی بازار میں جمعہ کے روز سہ پہر تقریباً سوا چار بجے نامعلوم افراد نے ہندو پنچایت سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں کو تھپڑ مار کر ان سے تین قیمتی موبائل فون اور بیس ہزار روپے نقد چھین لیے اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

واقعہ کے بعد دالبندین بازار میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے دکانداروں اور شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ متاثرہ نوجوانوں کے مطابق یہ واردات دن دہاڑے اور مصروف بازار میں پیش آئی، جس کے باعث تاجروں اور شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس مزید بڑھ گیا ہے۔ہندو پنچایت دالبندین نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹا گیا سامان برآمد کیا جائے، بصورت دیگر وہ انجمن تاجران دالبندین سیمشاورت کے بعد بھرپور احتجاج کا آغاز کریں گے۔ہندو پنچایت کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ نے فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے تو شہر میں احتجاج اور ہڑتال کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔