کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، نئی قیمت 3 لاکھ 58 ہزارسے تجاوز کرگئی

آج 24 قیراط سونے کی قیمت میں ایک ہزار100 روپے کا اضافہ ہوا، تین روز میں فی تولہ سونا 6 ہزار 600 روپے مہنگا ہوگیا ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 12 جولائی 2025 20:48

کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، نئی قیمت ..
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 12 جولائی 2025ء ) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت بڑھ گئی ہے۔ بڑے اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت بلند ترین سطح پرپہنچ گئی ہے۔

گزشتہ تین روز میں فی تولہ سونا 6 ہزار 600 روپے مہنگا ہوا۔ آج ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہزار 100 روپے کا بڑا اضافہ ہوا ہے۔ جس کے باعث فی تولہ سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 3 لاکھ 58 ہزار 100 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت میں 944 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

نئی قیمت 3 لاکھ 7 ہزار 13 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ یاد رہے عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 11 ڈالر اضافے کے بعد 3 ہزار 356 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب نیوزایجنسی کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2025 میں ٹریژری بلز (ٹی بلز) سے غیر ملکی سرمایہ کاری کا اخراج ڈیڑھ ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا، جب کہ جون میں سب سے زیادہ ماہانہ اخراج ریکارڈ کیا گیا. رپورٹ کے مطابق ایس بی پی کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کے دوران ملکی بانڈز سے غیر ملکی سرمایہ کاری کا اخراج، آمدنی سے 24 فیصد زیادہ رہا، ٹی بلز میں مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری ایک ارب 27 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتر ہے تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی نے سرمایہ کاروں کے لیے خطرات میں اضافہ کیا ہے جون میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے صرف 2 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے ٹی بلز خریدے، جب کہ 11 کروڑ 30 لاکھ ڈالر نکال لیے گئے۔