طالبان رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری کا انسانی حقوق ماہرین کی طرف سے خیرمقدم

یو این ہفتہ 12 جولائی 2025 22:00

طالبان رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری کا انسانی حقوق ماہرین کی طرف سے خیرمقدم

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 12 جولائی 2025ء) انسانی حقوق پر اقوام متحدہ کے ماہرین نے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کی جانب سے طالبان رہنماؤں ہیبت اللہ اخوند زادہ اور عبدالحکیم حقانی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا خیرمقدم کیا ہے جن کے خلاف صنفی اور سیاسی بنیاد پر انسانیت کے خلاف مبینہ جرائم کے ارتکاب کا الزام ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دونوں شخصیات کی گرفتاری کے وارنٹ جاری ہونا افغانستان کے لوگوں بالخصوص وہاں کی خواتین اور لڑکیوں کے لیے انصاف کی جانب ایک اہم قدم ہے جو تقریباً چار سال سے طالبان کی صنفی تفریق، جبر اور مظالم کا سامنا کر رہی ہیں۔

Tweet URL

انہوں نے کہا ہے کہ عدالت کے اس اقدام کا مطلب یہ بھی ہے کہ جرم کا ارتکاب کرنے والا کوئی بھی شخص قانون کی گرفت سے ہمیشہ کے لیے نہیں بچ سکے گا۔

(جاری ہے)

افغانستان میں انسانی حقوق کی پامالی کا سامنا کرنے والے لوگوں کے لیے یہ اقدام اس امر کی طاقتور توثیق ہے کہ عالمی برادری انہیں دیکھ اور سن رہی ہے اور ان کی بات پر یقین رکھتی ہے۔

عدالتی آزادی ضروری

ماہرین نے میثاق روم کے ریاستی فریقین کو ان کی ذمہ داری یاد دلاتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں دونوں افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے مدد کرنی چاہیے اور اس معاملے میں عدالت کے لیے سیاسی، سفارتی اور مالیاتی تعاون میں اضافہ ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا ہے کہ 'آئی سی سی' احتساب کے وسیع تر نظام کا ایک اہم ستون ہے جو سنگین ترین بین الاقوامی جرائم پر محاسبہ یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ تمام ممالک بالخصوص عدالت کے رکن ممالک کو چاہیے کہ وہ میثاق روم کے تحت 'آئی سی سی' اور اس کی آزادی کو تحفظ اور مدد فراہم کریں۔

تاریخ کی غلط سمت

ماہرین نے ملک میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور بین الاقوامی جرائم پر احتساب کو یقینی بنانے کی غرض سے دیگر اقدامات کے لیے پائیدار اور مضبوط تعاون کے لیے بھی کہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں انسانی حقوق پر مبنی ایک اصولی اور مربوط حکمت عملی اختیار کرنا ضروری ہے۔

ماہرین نے کہا ہے کہ وارنٹ گرفتاری سے رکن ممالک کو واضح پیغام جانا چاہیے کہ کسی حکومت کو اپنے ملک کی نصف سے زیادہ آبادی کے بنیادی حقوق اور وقار کو سلب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ جو لوگ طالبان کے ان اقدامات کو جائز قرار دیتے ہیں وہ تاریخ کی غلط سمت میں کھڑے ہیں۔

غیر جانبدار ماہرین و اطلاع کار

غیرجانبدار ماہرین یا خصوصی اطلاع کار اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی طریقہ کار کے تحت مقرر کیے جاتے ہیں جو اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ نہیں ہوتے اور اپنے کام کا معاوضہ بھی وصول نہیں کرتے۔