اسلام آباد لاہور موٹر وے پر مسافر بس سڑک سے نیچے جا گری، 5 افراد جاں بحق، 36 زخمی

حادثے کے فوراً بعد ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں

Sajid Ali ساجد علی اتوار 13 جولائی 2025 16:00

اسلام آباد لاہور موٹر وے پر مسافر بس سڑک سے نیچے جا گری، 5 افراد جاں ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جولائی2025ء) اسلام آباد اور لاہور کے درمیان موٹر وے پر چکری انٹرچینج کے قریب ایک مسافر بس سڑک سے نیچے جا گری جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 36 افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس لاہور کی جانب رواں دواں تھی کہ راستے مین حادثے کا شکار ہوگئی، حادثے کے فوراً بعد ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں، زخمیوں کو فوری طور پر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، زخمیوں میں سے 22 افراد کو ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال، 8 کو پمز ہسپتال اسلام آباد اور 6 کو ڈی ایچ کیو ہسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا، حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں سے ایک کی لاش ڈی ایچ کیو چکوال جب کہ چار افراد کی لاشیں ڈی ایچ کیو راولپنڈی منتقل کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف بہاولپور کی تحصیل حاصل پور میں مسافر کوچ کی کار کو ٹکر سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے، بہاولپور ریسکیو کنٹرول نے بتایا کہ بہاولپور سے بہاولنگر جانے والی مسافر کوچ نے سامنے سے آنے والی کار کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم فوری موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حاصل پور منتقل کر دیا، حادثہ حاصل پور چشتیاں روڈ پر تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، کار میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد سوار تھے جن میں سے 3 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جب کہ 2 افراد ہسپتال میں دم توڑ گئے۔