لبنان: یونیفیل کی اپنی تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کی مذمت

یو این پیر 13 اکتوبر 2025 05:00

لبنان: یونیفیل کی اپنی تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کی مذمت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 13 اکتوبر 2025ء) لبنان میں اسرائیل کی سرحد کے متوازی تعینات اقوام متحدہ کی عبوری فورس (یونیفیل) نے اسرائیلی فوج سے ایک مرتبہ پھر مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کے اہلکاروں پر یا ان کے قریب تمام حملے فوری طور پر بند کرے۔

یونیفیل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز دوپہر سے کچھ دیر قبل ایک اسرائیلی ڈرون نے لبنانی قصبے کفرکلا میں یونیفیل کی پوسٹ کے قریب ایک بم گرایا۔

اس واقعے میں فورس کا ایک اہلکار معمولی زخمی ہوا جسے فوری طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس بم دھماکے سے قبل مشن کے اہلکاروں نے دو ڈرون طیاروں کو علاقے میں پرواز کرتے دیکھا تھا۔

یونیفیل کے مطابق، رواں ماہ کے دوران یہ اس کی تنصیبات کے قریب دوسرا حملہ ہے جس میں اس کے اہلکار اسرائیلی فوج کی جانب سے برسائے گئے بموں کا نشانہ بنے ہیں۔

(جاری ہے)

فورس نے اس واقعے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ یہ امن مشن کے اہلکاروں کی سلامتی سے تشویشناک لاپروائی ہے جو کونسل کی تفویض کردہ ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور علاقے میں استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے کام کر رہے ہیں جس کا عزم اسرائیل اور لبنان دونوں نے کیا تھا۔