Live Updates

پاکستان اور افغانستان کی جنگ کا سنا ہے، اس کو اسرائیل سے واپسی پر دیکھوں گا، ٹرمپ

جنگیں رکوانے میں ماہر ہوں، پہلے بھی کئی جنگیں ختم کرچکا، میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ لاکھوں جانیں بچائیں، یہ سب نوبیل انعام نہیں بلکہ انسانوں کی زندگیاں بچانے کیلئے کیا؛ امریکی صدر کی صحافیوں سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 13 اکتوبر 2025 11:18

پاکستان اور افغانستان کی جنگ کا سنا ہے، اس کو اسرائیل سے واپسی پر دیکھوں ..
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اکتوبر2025ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان اور افغانستان کی کشیدگی پر ردعمل سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق ایئرفورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے سنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ چل رہی ہے، یہ سن کر میں نے کہا ابھی تو میں اسرائیل جا رہا ہوں، واپسی پر دیکھوں گا اور پاکستان و افغانستان کی جنگ بھی رکواؤں گا، اس طرح میں ایک اور جنگ ختم کرنے جا رہا ہوں کیوں کہ میں جنگیں ختم کرنے میں ماہر ہوں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کہتے ہیں کہ پہلے بھی کئی جنگیں ختم کرچکا ہوں، اب تک آٹھ جنگیں ختم کی ہیں، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازع بھی شامل ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو میں نے ٹیرف پالیسی کے ذریعے روکا تھا، سوچیں بھارت اور پاکستان کے بارے میں وہ جنگیں جو برسوں سے جاری تھیں میں نے ان سب کو ایک دن میں ختم کردیا، یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں نے لاکھوں جانیں بچائیں لیکن میں نے یہ سب نوبل انعام کے لیے نہیں کیا بلکہ انسانوں کی زندگیاں بچانے کے لیے کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ 2024ء کا نوبیل امن انعام وینزویلا کی اپوزیشن لیڈر ماریہ کورینا مشاڈو کو دیا گیا مگر میرا مقصد انعام حاصل کرنا نہیں بلکہ دنیا میں امن قائم کرنا ہے، میں نے یہ سب نوبل انعام کے لیے نہیں کیا، میں نے یہ اس لیے کیا کہ لوگ زندہ رہ سکیں۔ یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی جھڑپوں میں افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا کہ ’پاکستانی فضائی حملوں کے جواب میں افغان فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 58 پاکستانی فوجی شہید کیے‘، اس کے جواب میں پاکستان نے مؤقف اختیار کیا کہ ’پاک فوج نے جوابی کارروائی میں 200 سے زائد دہشتگرد ہلاک کیے اور سرحد کے قریب 19 افغان چوکیوں کا کنٹرول سنبھال لیا، اس کارروائی کے دوران 23 بہادر جوان شہید ہوئے اور 29 زخمی ہوئے۔

Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات