بینظیر کفالت پروگرام کی ادائیگیوں میں غیر قانونی کٹوتیوں اور مالی بدعنوانی کے سدباب کے لیے نگرانی کا عمل مزید سخت کر دیا گیا

اتوار 13 جولائی 2025 20:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) جنوبی پنجاب زون نے مالی سال 2024-25کی چوتھی سہ ماہی (اپریل تا جون) کے دوران بینظیر کفالت پروگرام کی ادائیگیوں میں غیر قانونی کٹوتیوں اور مالی بدعنوانی کے سدباب کے لیے نگرانی کا عمل مزید سخت کر دیا ہے۔ فیلڈ ٹیموں نے جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں سخت معائنے اور مستحقین کی تصدیق کا عمل مکمل کیا جس کے نتیجے میں ادائیگیوں میں بدعنوانی اور بے ضابطگیوں میں ملوث عناصر کے خلاف موثر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

ان کارروائیوں کے نتیجے میں جنوبی پنجاب زون میں مجموعی طور پر 508 ریٹیلر ڈیوائسز کو مستقل طور پر بلاک کر دیا گیا ہے جبکہ غیر قانونی کٹوتیوں اور مالی بدعنوانی میں ملوث افراد کے خلاف 22 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اب تک 23 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔جنوبی پنجاب زون کی ڈائریکٹر سیّمہ بشیر نے کہا کہ یہ اقدامات بی آئی ایس پی کی شفافیت، جوابدہی اور مستحق خاندانوں کی مالی امداد کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی کی مانیٹرنگ ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں تاکہ ادائیگی کے عمل کی نگرانی کی جا سکے، ضابطوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے اور کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کی جا سکے۔انہوں نے زور دیا کہ پروگرام مستحقین کو ترغیب دیتا ہے کہ اگر انہیں ادائیگی میں کسی قسم کی کٹوتی یا بدسلوکی کا سامنا ہو تو وہ فوراً بی آئی ایس پی ہیلپ لائن 0800-26477 پر رابطہ کریں یا قریبی بی آئی ایس پی دفتر کا دورہ کریں۔

متعلقہ عنوان :