ایگری مال ،جنوبی پنجاب میں زرعی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کےلئے ایک انقلابی منصوبہ ہے،فواد ہاشم ربانی

منگل 15 جولائی 2025 16:09

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے ایگری مال کے منصوبے کو جنوبی پنجاب میں زرعی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لیے ایک انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید زرعی مارکیٹنگ، مشینری، تربیت اور معلومات کی فراہمی کے لحاظ سے یہ ایک ماڈل منصوبہ ہے جو خطے میں زرعی معیشت کو نئی سمت دے گا۔

یہ بات انہوں نے زیر تکمیل ماڈل ایگرکلچر مال بہاولپور کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سپیشل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو جنوبی پنجاب آفتاب پیرذادہ اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے کہا کہ ایگری مال نہ صرف کسانوں کو اپنی پیداوار مارکیٹ کرنے میں مدد دے گا بلکہ ان کے علم اور مہارت میں بھی اضافہ کرے گا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ منصوبہ کسانوں کو جدید زرعی نظام سے جوڑ کر نہ صرف ان کی آمدنی میں اضافہ کرے گا بلکہ زرعی شعبے کو خود کفالت کی جانب بھی گامزن کرے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کو جلد آپریشنل کیا جائے۔اس سے قبل سپیشل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو آفتاب پیر زادہ نے منصوبے بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 30 کنال رقبے پر محیط ایگری مال کی تعمیر پر 284.189 ملین روپےخرچ کئے جارہے ہیں اور منصوبے کا 74 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ماڈل ایگری مال میں کسانوں کی سہولیات کے لئےزرعی اجناس کی فروخت کے لیے ماڈل شاپس، اسٹوریج، جدید مشینری کی نمائش اور تربیتی سیشنز شامل ہونگے۔

متعلقہ عنوان :