ٹینڈے کی پچھیتی کاشت کیلئے زرخیز زمین اور بروقت اقدامات ضروری ہیں، محکمہ زراعت

بدھ 16 جولائی 2025 17:01

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) زراعت آفیسر مرکز کینٹ عمار عبداللہ نے کہا ہے کہ ٹینڈے کی 31 جولائی تک پچھیتی کاشت کے لیے زرخیز ریتلی اور پانی کے اچھے نکاس والی زمین کا ہونا ضروری ہے تاکہ فصل کی بہتر نشوونما اور زیادہ پیداوار ممکن بنائی جا سکے۔ ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ٹینڈا صوبہ پنجاب کی موسم گرما کی ایک اہم ترین سبزی ہے ،جس کی بروقت کاشت فصل کے معیار اور پیداوار کو بڑھا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کاشت سے پہلے کھیت میں فی ایکڑ 10 سے 15 ٹن گلی سڑی گوبر کی کھاد شامل کرکے اچھی طرح ہل چلایا جائے اور بعد ازاں کھیت کو پانی لگایا جائے،وتر آنے پر کھیت میں 2 سے 3 مرتبہ ہل و سہاگہ چلانا چاہیے اور فصل کی قطاروں کے درمیان 3،3 میٹر کا فاصلہ رکھا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ قطاروں کے دونوں اطراف 30 سینٹی میٹر کے فاصلے پر ایک بوری سپر فاسفیٹ اور ایک بوری امونیم سلفیٹ مکس کرکے ڈالنے سے پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔کاشتکار ٹینڈے کی کاشت اور دیکھ بھال سے متعلق مزید رہنمائی کے لیے قریبی زراعت دفتر یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :