سیالکوٹ،محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو دھان کی پنیری کی منتقلی کے وقت پنیری کی عمر کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت

بدھ 16 جولائی 2025 17:01

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) محکمہ زراعت نے دھان کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کھیت میں لاب کی منتقلی کے وقت پنیری کی عمر کا خاص خیال رکھیں اور 25 سے 35 دن پر مشتمل پنیری کی منتقلی کو یقینی بنائیں۔ ترجمان محکمہ زراعت سیالکوٹ کے مطابق پنیری اکھاڑنے سے ایک یا دو روز قبل کھیت کو پانی دینا ضروری ہے تاکہ زمین نرم ہو جائے اور اکھاڑتے وقت پودوں کی جڑیں نہ ٹوٹیں۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار دو ،دو پودے نو ،نو انچ کے فاصلے پر اکٹھے لگائیں اور لاب لگانے کے بعد فاضل پنیری کی کچھ ہتھیاں وٹوں کے ساتھ یا پانی میں رکھ دیں تاکہ کسی جگہ پودے ضائع ہونے کی صورت میں ان سے متبادل لاب لگا کر فصل مکمل کی جا سکے۔ترجمان نے بتایا کہ سپر باسمتی، باسمتی 385، باسمتی 2000، باسمتی 315، باسمتی 370 اور پی ایس 2 اقسام کی پنیری 20 جولائی تک جبکہ شاہین باسمتی کی پنیری 31 جولائی تک کھیتوں میں منتقل کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ لاب لگانے کے 10 سے 12 روز بعد فی ایکڑ 35 فیصد زنک سلفیٹ 5 کلوگرام یا 21 فیصد زنک سلفیٹ 10 کلوگرام کی مقدار میں ڈالیں۔ کھاد کا چھٹہ دیتے وقت کھیت میں پانی کی مقدار کم سے کم رکھی جائے، حتیٰ کہ صرف کیچڑ کی حالت ہو تو بہتر ہے۔ترجمان نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ مزید معلومات و رہنمائی کے لیے محکمہ زراعت کے ماہرین یا فیلڈ اسٹاف سے رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :