شناختی کارڈ کے اجرا میں تاخیرپر نادرا کو دس روز میں فیصلہ کرنے کا حکم

جمعرات 17 جولائی 2025 13:43

شناختی کارڈ کے اجرا میں تاخیرپر  نادرا کو دس روز میں فیصلہ کرنے کا حکم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے نادرا کی جانب سے شناختی کارڈ کے اجرا میں تاخیر کے خلاف دائر درخواست پر ریجنل ڈائریکٹر نادرا لاہور کو 10 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس مزمل اختر شبیر نے شہری علی اشفاق کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل چوہدری شوکت گوندل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ علی اشفاق سال 2000 میں پیدا ہوا اور گزشتہ 7 سال سے شناختی کارڈ کے حصول کے لیے نادرا کے دفاتر کے چکر لگا رہا ہے۔

درخواست گزار کے والد کا شناختی کارڈ اور نادرا سرٹیفکیٹ بھی موجود ہے جبکہ ایف آر سی میں بھی نام شامل ہے۔ شناختی کارڈ نہ ہونے کے باعث ملازمت کے لیے درخواست دینے سے بھی محروم ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد نادرا حکام کو ہدایت کی کہ وہ 10 روز میں درخواست پر فیصلہ کریں۔