کاشتکاروں کولائنوں میں ڈرل سے کاشتہ فصل کی آبپاشی8دن کے وقفہ سے کرنے کا مشورہ

جمعہ 18 جولائی 2025 14:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) کپاس کے کاشتکاروں کولائنوں میں ڈرل سے کاشتہ فصل کی آبپاشی8سے10دن اورپٹڑیوں پر کاشتہ بی ٹی اقسام کی آبپاشی 6سے 8دن کے وقفہ سے کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ کاشتکار کپاس کی آبپاشی کو زمین کی زرخیزی،طریقہ کاشت،قسم،موسمی حالات اور فصل کی حالت کو مدنظر رکھ کر کریں اور یاد رکھیں کہ پا نی کی کمی کی علاما ت کھیت کے نسبتا ً اونچے حصے پر پہلے وا ضح ہو تی ہیں جس میں پتوں کا نیلگو ں ہو نا،اوپر والی شا خو ں کی درمیا نی لمبا ئی میں کمی، سفید پھو ل کا چو ٹی پر آ نا، تنے کے اوپر کے حصہ کا تیزی سے سر خ ہونااورچوٹی کے پتوں کا کھردرا ہو نا شامل ہے۔

کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین کے مطابق فصل پر ایسی علامات کے ظاہر ہونے سے پہلے آبپاشی کریں تا کہ فصل کو نقصان سے بچایا جا سکیتاہم بارشوں کے موسم میں آبپاشی کا وقفہ بڑھا دیاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کاشتکاروں کو کپاس کی بی ٹی اقسام کی آبپاشی کا خصوصی خیال رکھنے کی بھی ہدایت کی اور کہاکہ چونکہ موسم گرما کی شدت، فضا میں حبس اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کی موجودگی کے باعث کپاس کی فصل کو نقصان پہنچنے کا احتمال ہے لہٰذا کاشتکار اس ضمن میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کریں۔

انہوں نے بتایا کہجولائی واگست میں بعض اوقات درجہ حرارت 47ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر جاتا ہے اس طرح کپاس کی بی ٹی اقسام میں 40ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ درجہ حرارت پر پھول اور ڈوڈیاں دونوں خشک ہوکر گر جاتی ہیں جبکہ 45ڈگری سینٹی گریڈ کا درجہ حرارت صوبہ میں کاشت ہونے والی تمام بی ٹی اقسام میں مکمل طور پر پھولوں اور ڈوڈیوں کے کیرے کا سبب بنتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کپاس کے کاشتکاروں پر موجودہ اقسام اور زیادہ درجہ حرارت کی موجودگی میں جدید سفارشات پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار بی ٹی اقسام کی آبپاشی کا خاص خیال رکھ کر درجہ حرارت کی زیادتی کی وجہ سے متوقع نقصانات کا ازالہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :