ہیلمٹ ایک زندگی بخش ذریعہ ہے،ڈی پی اوخانیوال

ہفتہ 19 جولائی 2025 14:53

خانیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرخانیوال اسماعیل کھاڑک کے احکامات پرخانیوال میں ٹریفک پولیس کی جانب سے ''ہیلمٹ پہننا ضروری ہے''کے حوالہ سے ایک جامع آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اس سلسلہ میں ڈی پی او اسماعیل کھاڑک نے ڈی پی اوآفس سے جاری ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری صرف قانون کا تقاضا نہیں بلکہ ایک باشعور معاشرے کی پہچان ہے، ہیلمٹ صرف ایک حفاظتی وسیلہ نہیں بلکہ ایک زندگی بخش ذریعہ ہے جو حادثات کی صورت میں قیمتی جان بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خانیوال میں ہیلمٹ پہننے کی روایت کو فروغ دینے اور ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور اس قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا ،آئندہ دنوں میں اس مہم کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ خانیوال کو ایک محفوظ اور ٹریفک قوانین کا پابند شہر بنایا جا سکے جبکہ ڈی ایس پی ٹریفک مظہر اسلام نے شہر کے مختلف چوکوں پر شہریوں کو آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ اس مہم کا مقصدعوام کو تعلیم دینا ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی جانوں کی حفاظت کو ترجیح دیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انچارج ایجوکیشن یونٹ فیصل فاروق، انچارج ایکسیڈنٹ یونٹ مہر لقمان، وسیم ہراج اور دیگر افسران بھی موجود تھے جنہوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے شہریوں میں شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔شہریوں کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی عوام دوست پالیسیوں کو سراہا گیااور ڈی پی او اسماعیل کھاڑک اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریو ں میں ہیلمٹ اورآگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے۔\378