کمشنر ملتان عامر کریم خان کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اہم اجلاس

ہفتہ 19 جولائی 2025 17:44

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) کمشنر ملتان عامر کریم خان کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع وہاڑی کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 62 کروڑ 80 لاکھ روپے لاگت سے چار ترقیاتی اسکیموں کی منظوری دی گئی۔ قائم مقام ڈپٹی کمشنر وہاڑی بابر سلیمان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں منظور کی گئی ترقیاتی اسکیموں میں 27 بھٹہ سے کرم پور تک 6 کلومیٹر سڑک کی تعمیر شامل ہے، جس پر 181 ملین روپے لاگت آئے گی۔ اسی طرح پپلی روڈ سے 192 ای بی تک 3.80 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر کے لیے 141 ملین روپے، ملتان دہلی روڈ سے چک نمبر 253 ای بی طفیل آباد تک 5 کلومیٹر سڑک کے لیے 200 ملین روپے جبکہ چک نمبر 461 ای بی سے 449 ای بی تک 5 کلومیٹر سڑک کی تعمیر کے لیے 106 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر ملتان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ سڑکوں کی تعمیر میں معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، اور سڑکوں کے اطراف شجرکاری بھی کی جائے گی تاکہ ماحولیاتی بہتری کو فروغ دیا جا سکے۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مظفر خان، ڈی ڈی پی آر میاں نعیم عاصم، ایس ڈی او ہائی ویز محمد موسیٰ، اسسٹنٹ انجینئر لوکل گورنمنٹ فرخ اقبال اور سب انجینئر مشتاق احمد بھی شریک ہوئے۔\378