سندھ ادارہ برائے امراضِ قلب ٹنڈومحمدخان میں دوسرے آپریشن تھیٹر اور جدید سی ایس ایس ڈی کا افتتاح

اتوار 20 جولائی 2025 15:00

ٹنڈومحمدخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) ایس آئی سی وی ڈی ٹنڈومحمدخان میں دوسرے آپریشن تھیٹر اور جدید سی ایس ایس ڈی کا افتتاح کردیا، سندھ ادارہ برائے امراضِ قلب (ایس آئی سی وی ڈی) نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے اپنے دوسرے آپریشن تھیٹر (او ٹی) اور جدید ترین سینٹرل اسٹرل سپلائی ڈیپارٹمنٹ (CSSD) کا آغاز کردیا ہے، نیا آپریشن تھیٹر اور سی ایس ایس ڈی بین الاقوامی معیار پر مبنی ہیں، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس آئی سی وی ڈی پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکبر سیال نے ایس آئی سی وی ڈی ٹنڈومحمدخان میں سہولیات کی توسیع اور اپ گریڈیشن کے حوالے سے آگاہ کیا کہ اسپتال میں دوسرے آپریشن تھیٹر کے آغاز سے دل کے مریضوں کے علاج کے لیے سرجری کی سہولت میں مزید اضافہ ہوگا، مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے اور اسپتال میں صرف ایک آپریشن تھیٹر ہونے کے باعث مریضوں کو اپنے نمبر کے لیے انتظار کی زحمت اٹھانا پڑتی تھی، دوسرے آپریشن تھیٹر کے قیام کے بعد مریضوں کو انتظار نہیں کرنا پڑے گا، انہوں نے نئے قائم شدہ سی ایس ایس ڈی کی اہمیت پر بھی زور دیا جو جدید ترین جراثیم کش ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور جو عالمی معیار کی صحت کی سہولیات کے تقاضوں کے عین مطابق ہے، یہ سہولت سرجری اور دیگر طبی طریقہ کار کے دوران انفیکشن کے خطرات کو کم کرکے مریضوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گی، پروفیسر سیال نے سندھ حکومت کے ویژن کے مطابق بالکل مفت دل اور فالج کے جدید علاج کی فراہمی کے مشن کو دہرایا، انہوں نے خطے میں صحت کی سہولیات کو فروغ دینے پر سابق وفاقی وزیر سید نوید قمر کی مستقل حمایت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا، تقریب کا اختتام نئی سہولیات کے معائنے پر ہوا جہاں ایس آئی سی وی ڈی کی کارڈیک کیئر میں مسلسل ترقی اور بہترین خدمات کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔