اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ کا سول ہسپتال کا سچانک دورہ، مریضوں کو درپیش مسائل پر فوری احکامات جاری کئے

اتوار 20 جولائی 2025 16:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ نے سول ہسپتال ڈسکہ کا اچانک دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد اسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی کے انتظامات، اور عملے کی حاضری کا جائزہ لینا تھا۔اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، او پی ڈی اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے براہِ راست ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر نے ڈاکٹرز اور دیگر اسٹاف کی حاضری چیک کی اور غیر حاضر عملے کی فہرست طلب کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو کارروائی کی ہدایت کی۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات مہیا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ روزمرہ کے معاملات میں شفافیت اور بہتری لائیں تاکہ شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق بلا تعطل میسر آ سکیں۔