بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا،وزیراعلی میرسرفراز بگٹی

اتوار 20 جولائی 2025 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پارود میں فتنہ الہندوستان سے منسلک دہشتگرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کو غیرمستحکم کرنے کی ہر کوشش کو ہمیشہ کی طرح ناکام بنایا جائے گا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر فوری ردعمل اور کارروائی قابل تحسین ہے،سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی سے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کے دشمنوں کے خلاف ہر محاذ پر کارروائی جاری رہے گی اور بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے عزائم ایک بار پھر خاک میں ملائے گئے ہیں ،بلوچستان کے غیور عوام سیکیورٹی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ،میر سرفراز بگٹی نے پارود میں کارروائی کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے تحفظ اور استحکام کے لیے دی جانے والی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اوردہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :