ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کافلڈ کنٹرول روم کا دورہ ، مشینری، عملے کی حاضری، دستیاب وسائل اور دیگر امور کا جائزہ

اتوار 20 جولائی 2025 23:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) جعفرآباد میں مون سون بارشوں سے قبل ہی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی و انتظامی اقدامات مکمل کرنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے فلڈ کنٹرول روم کا دورہ کرکے وہاں قائم مشینری، عملے کی حاضری، دستیاب وسائل اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر نائب تحصیلدار جھٹ پٹ مہتاب احمد، بابو عمران اور سب ڈویژنل افیسر ایریگیشن سید امجد شاہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سب ڈویژنل افیسر ایریگیشن سید امجد شاہ نے ڈپٹی کمشنر کو فلڈ کنٹرول روم کی کارکردگی، مونسون سے متعلقہ تمام تر حفاظتی اقدامات، مشینری کی دستیابی، عملے کی ذمہ داریوں اور ایریگیشن کے تیار کردہ پلان کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر خالد خان نے پٹ فیڈر کینال کے آر ڈی 342 کے مقام کا دورہ کرکے پانی کے بہاؤ، پشتوں کی مضبوطی اور موجودہ صورتحال کا خود مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ مشکل حالات میں عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :