بھکر،ڈپٹی کمشنر نےایچ پی وی ویکسینیشن پروگرام اجلاس کی صد ارت کی

پیر 21 جولائی 2025 17:42

بھکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت ایچ پی وی ویکسینیشن پروگرام سے متعلق ایک اہم تعارفی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سی ای او محکمہ صحت و آبادی ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ ،سی ای او ایجوکیشن شازیہ توصیف،میڈیکل سپرینٹنڈنٹ ڈاکٹراحسان اللہ خان،محکمہ صحت کے افسران ،ماہرینِ شعبہ صحت،ممبران ضلعی امن کمیٹی رانا آفتاب احمد،مولانا قلب محمد علی شہانی،زبیر محمود مغل،جنرل سیکرٹری انجمن تاجران عاشق حسین کھوکھراور این جی اوز نمائندگان نےشرکت کی۔

اجلاس کا مقصد ہیومن پیپیلوما وائرس (HPV) ویکسین کی اہمیت و افادیت اور اس کےحفاظتی پہلوؤں کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ9سال سے 14سال تک کی عمر کی بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین کی بروقت فراہمی نہ صرف ان کی صحت کی ضامن ہے بلکہ یہ اقدام آئندہ نسلوں کو مہلک بیماریوں سے تحفظ فراہم کرنا بالخصوص خواتین کو کینسر جیسی موذی مرض سے محفوظ بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ سکولوں مراکز صحت اور کمیونٹی لیول پر ویکسینیشن مہم کو مؤثر اور بھرپور انداز میں کامیاب بنائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچیوں کو تحفظ فراہم کیاجا سکے۔اس موقع پرسی ای او صحت و آبادی ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ نے بتایاکہ بھکر میں ویکسینیشن مہم کا آغاز 15ستمبر سے ہوگاجو کہ27 ستمبر 2025 تک جاری رہے گی اس ضمن میں ویکسی نیشن کیلئے شعبہ صحت سے وابستہ خواتین پر مشتمل تربیت یافتہ عملہ یہ فرائض سر انجام دے گا تاکہ معاشرتی اور ثقافتی پہلوؤں کو مدِنظر رکھتے ہوئے مؤثر انداز میں مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکےاس سلسلہ میں105مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو مہم کی نگرانی کریں گی۔

اجلاس سے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس قومی فریضہ کی ادائیگی میں علمائے کرام کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہےاور اس اہم قومی صحت مہم کی کامیابی کی ضمانت ہے۔اجلاس کےدوران ماہرین شعبہ صحت کی جانب سے بتایا گیا کہ ایچ پی وی ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے اس ویکسین کا کسی قسم کا کوئی سائیڈ ایفیکٹ نہیں ہے۔\378

متعلقہ عنوان :