حیدرآباد ،ایتھلیٹک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سمر ایتھلیٹک و فٹنس کوچنگ کیمپ جاری

پیر 21 جولائی 2025 21:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں حیدرآباد ڈویژن ایتھلیٹک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سمر ایتھلیٹک اور فٹنس کوچنگ کیمپ جاری ہے۔ یہ کیمپ ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر حیدرآباد مریم کیریو کی سرپرستی اور اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ، حکومت سندھ کے تعاون سے منعقد کیا گیا ہے۔ کیمپ کا آغاز 15 جولائی کو ہوا تھا اور یہ 25 جولائی 2025 تک جاری رہے گا۔

صدر حیدرآباد ڈویژن ایتھلیٹک ایسوسی ایشن سید محمد ندیم کے مطابق، کیمپ میں حیدرآباد ریجن سے تعلق رکھنے والے اضلاع کے درجنوں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں شریک ہیں۔کیمپ کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں میں ایتھلیٹکس کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا اور ان کی تکنیکی مہارتوں کو نکھارنا ہے۔

(جاری ہے)

کیمپ میں بین الاقوامی اور قومی سطح کے سابق کھلاڑی اور کوچز ایس ایم ندیم، آصف رشید، خالدہ ناز، نواز خان، محمد ہارون اور رضوانہ وسیم نوجوان کھلاڑیوں کو بیسک ٹیکنیکس، اسکلز اور بائیو مکینکس کی عملی تربیت فراہم کر رہے ہیں۔

ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر مریم کیریو نے کیمپ کے دوران صدر ایتھلیٹک ایسوسی ایشن سید محمد ندیم سے ملاقات کی اور آئندہ بھی ایسے تربیتی کیمپس کے انعقاد میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے سیکرٹری آصف آرائیں بھی موجود تھے۔ مریم کیریو نے اس اقدام کو نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی تربیت کے لیے نہایت اہم قرار دیا اور کہا کہ ایسے کیمپ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرتے ہیں اور انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کے قابل بناتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :